کراچی: (دنیا نیوز) پیٹرن انچیف یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم تنویر نے کہا کہ ملکی خوشحالی نئے صوبوں کے قیام سے مشروط ہے، نئے صوبے بنانے سے ملکی معیشت فعال ہو گی۔
کراچی سے جاری اپنے ایک بیان میں ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ حکومت ایف پی سی سی آئی کے ڈسٹرکٹ اکانومی کے منصوبے پر عمل کرے، ڈسٹرکٹ اکانومی کا منصوبہ جامع معاشی فریم ورک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اختیارات کی مرکزیت معیشت کے لئے زیر قاتل ہے، اسلام آباد میں بیٹھ کر ملکی معیشت نہیں چلائی جاسکتی معاشی فیصلے مقامی قیادت کو کرنے دیں، ضلعی معیشت مضبوط کئے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے۔
پیٹرن انچیف یونائیٹڈ بزنس گروپ نے کہا کہ 200 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ نئے صوبوں کے قیام سے ممکن ہے، اختیارات کی مرکزیت معیشت کو بانجھ کر چکی ہے، معاشی نمو کے امکانات معدوم پڑ گئے ہیں۔
ایس ایم تنویر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی جی ڈی پی ایلون مسک کی دولت سے بھی کم ہے، ایلن مسک 500 ارب ڈالر کا مالک ہے جبکہ پاکستان کی جی ڈی پی 411 ارب ڈالر ہے۔