وزیر خزانہ کا عالمی بینک کے ساتھ شراکت داری مزید مضبوط بنانے کا عزم

Published On 18 October,2025 12:54 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) پاکستان کے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی بینک کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے صدرعالمی بینک کے اجے بنگا سے ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے عالمی بینک کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی عزم کا اظہار کیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اجے بنگا کو حکومت کے سیلاب سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا، انہوں نے سیلاب کے نقصانات کے تخمینے کی تکمیل کے بعد بروقت امداد پرعالمی بینک کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے چھوٹے کاشتکاروں تک رسائی کے لیے ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز اور کوآپریٹوز کے استعمال کی تجویز کی تعریف کی، ٹیرف پالیسی کی تیاری میں عالمی بینک کی تکنیکی معاونت پر شکریہ بھی ادا کیا، کم آئی ڈی اے الاٹمنٹ کے تناظر میں اضافی معاونت کی درخواست بھی کی۔

وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے فِچ ریٹنگز کے حکام سے ملاقات بھی کی، اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی اقتصادی اصلاحات اور پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو بی مائنس کے ساتھ مستحکم آؤٹ لک دینے پر شکریہ ادا کیا۔

وزیر خزانہ نے تینوں ریٹنگ ایجنسیوں کی درجہ بندی میں ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیر خزانہ نے فِچ ٹیم کو آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے سے متعلق بھی آگاہ کیا، انہوں نے ٹیکس نظام، توانائی، نجکاری اور سرکاری اداروں میں اصلاحات پر روشنی ڈالی۔

وزیر خزانہ نے نجکاری کو تیز کرنے، مالی استحکام اور کارکردگی میں مزید بہتری کے عزم کا اظہار کیا، فِچ ٹیم کو چینی مارکیٹ میں پانڈا بانڈ کے اجرا کے عمل اور امریکی انتظامیہ کے ساتھ تجارتی و ٹیرف مذاکرات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔