اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سٹارٹ اپس اور نئی قائم ہونے والی کمپنیوں کیلئے کارپوریٹ بینک اکائونٹس کھولنے کے عمل کو آسان اور تیز بنانے کیلئے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔
یہ اقدام ایس ای سی پی کے ’’پیپر ٹو پلیٹ فارم‘‘ وژن کے عزم کو دوبارہ اجاگر کرتا ہے، ایس ای سی پی نے ڈیجیٹل بینکوں کے ساتھ ایک ایم او یو پر دستخط کئے ہیں، دستخط کی تقریب میں کمشنر (ایس ای سی پی) ذیشان رحمان خٹک، چیئرپرسن ایس ای سی پی عاکف سعید اور تمام تنظیموں کے سینئر عہدیداران نے شرکت کی۔
یہ تعاون ایس ای سی پی کے ایک حالیہ اقدام پر مبنی ہے جس کے تحت کارپوریٹ بینک اکاؤنٹس کھولنے کیلئے بورڈ قراردادوں کا معیاری فارمیٹ متعارف کرایا گیا تھا، اس معیار کا مقصد پاکستان بھر میں رجسٹرڈ کمپنیوں کیلئے یکسانیت، شفافیت اور ہموار بینکنگ انضمام کو فروغ دینا ہے۔
اس شراکت داری کے ذریعے ایس ای سی پی کے ای زی فائل پلیٹ فارمز کے درمیان ایک محفوظ اے پی آئی پر مبنی انضمام کے ذریعے ایک ہی دن میں کارپوریٹ اکائونٹ کھولنے کا عمل فعال کیا جائے گا۔
یہ ڈیجیٹل لنک نئی شامل شدہ کمپنیوں کو طریقہ کار کی تاخیر کو ختم کرنے اور انتظامی رکاوٹوں کو کم کرتے ہوئے فوری طور پر اپنا آپریشن شروع کرنے کے قابل بنائے گا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے چیئرپرسن ایس ای سی پی عاکف سعید نے ڈیجیٹل بینکوں کے ساتھ مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ان کیلئے ایس ای سی پی کے زیر انتظام مالیاتی مصنوعات کے تقسیم کار کے طور پر کام کرنے کے مواقع تلاش کئے جا سکیں۔
انہوں نے کاروبار میں آسانی، مالی شمولیت اور کارپوریٹ ڈیجیٹائزیشن کیلئے ایس ای سی پی کے مستحکم عزم کو دہرایا جو کاروباری افراد کو شفاف طریقے سے کام کرنے اور فوری طور پر رسمی مالیاتی چینلز تک رسائی حاصل کرنے کیلئے بااختیار بناتا ہے۔
یہ اقدام ڈیجیٹل طور پر منسلک، سٹارٹ اپ دوست کاروباری ماحول بنانے کی ایس ای سی پی کی کوششوں میں ایک اور اہم سنگ میل ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھاتا ہے اور پاکستان بھر میں کاروباری جذبے کو فروغ دیتا ہے۔



