سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس، 9 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

Published On 16 November,2025 05:14 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن احسن اقبال کی زیرِ صدارت سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی ( سی ڈی ڈبلیو پی) کا اجلاس ہوا جس میں مجموعی طور پر 9 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق جن 9 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے ان مالیت 79 ارب روپے ہے، سی ڈی ڈبلیو پی نے 34.6 ارب روپے کے 7 منصوبے منظور کرلیے، 44.6 ارب روپے کے 2 ترقیاتی منصوبے حتمی منظوری کیلئے ایگزیکٹو کمیٹی آف دی نیشنل اکنامک کونسل (ایکنک) کو بھیجے گئے ہیں جبکہ تربت یونیورسٹی فیز ٹو کیلئے 1.9 ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ منظور کیا گیا۔

پاکستان پوسٹ کیلئے 6.6 ارب روپے کا آٹومیشن کا منصوبہ منظور کیا گیا، ضلع چترال میں دانش سکول کے قیام کیلئے 3.3 ارب روپے کا پراجیکٹ منظور ہوا، وفاق میں گورننس بہتر بنانے کیلئے 5.4 ارب روپے کا منصوبہ منظور کیا گیا، پمز ہسپتال میں امراض قلب کے بہتر علاج کیلئے 7.2 ارب روپے کا پراجیکٹ منظور کیا گیا۔

پنجاب میں شہروں کی بہتری کیلئے 4.8 ارب روپے کا پراجیکٹ منظور ہوا ہے، خیبر پختونخوا میں توانائی کے منصوبوں کیلئے 5.2 ارب روپے کا پراجیکٹ منظور کیا گیا، لاہور سیالکوٹ موٹروے سے منسلک نارووال ایسٹرن بائی پاس کیلئے 28 ارب روپے کا منصوبہ جبکہ خیبرپختونخوا میں پھیرو کینال کیلئے 15.6 ارب روپے کا منصوبہ ایکنک کے حوالے کیا گیا۔