اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ موسمیاتی چیلنجز کا مسئلہ پاکستان کی بقا سے منسلک ہے، عالمی اداروں سے مالی مدد کے ساتھ تکنیکی معاونت بھی چاہے۔
برازیل میں جاری کاپ 30 کانفرنس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہورہا ہے، تاہم ملک کو موسمیاتی چیلنجز جیسے مسائل کا سامنا ہے اور ان سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو ختم کرنے کے لیے عالمی سطح پر مربوط تعاون ضروری ہے، گرین کلائمیٹ فنڈز سے پاکستان کی بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور ان سے استفادہ کے لیے موجود رکاوٹیں دور کرنا ہوں گی، ملکی سطح پر ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان نے گرین سکوک بانڈ بھی جاری کیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان بین الاقوامی اداروں سے مالی معاونت کے ساتھ ساتھ تکنیکی معاونت کا بھی خواہاں ہے۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے تمام ممالک کوشش کر رہے ہیں اور یہ مسئلہ پاکستان کی بقا سے جڑا ہوا ہے۔



