لاہور: (ویب ڈیسک) طویل انتظار کے بعد 100 اور مالیت والے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی کر دی گئی۔
پورے پاکستان میں اس ڈرا کو زبردست دلچسپی سے دیکھا جا رہا تھا جہاں خوش قسمت شہریوں نے نمایاں انعامات جیتے۔
پہلا انعام 7 لاکھ روپے کا رہا جو 171732 نمبر والے بانڈ کے نام نکلا، خوش نصیب جیتنے والا یہ بڑی رقم حاصل کر کے اپنی مالی زندگی میں اہم موقع حاصل کرے گا۔
اس کے علاوہ دوسرا انعام 2 لاکھ روپے کا تھا جو تین خوش قسمت بانڈ مالکان نے جیتا، دوسرے انعام کے جیتنے والے بانڈ نمبرز یہ ہیں 239810، 496333 اور 989615 ہیں۔
ہر نمبر کے حامل شخص کو 2 لاکھ روپے کا انعام ملے گا جس سے بانڈ ہولڈرز میں خوشی کی ایک نئی لہر دوڑ گئی ہے، 100 روپے کے پرائز بانڈ ڈرا کی مکمل فہرست تاحال نیشنل سیونگز سینٹر کی جانب سے جاری نہیں کی گئی۔
1500 والے بانڈز کی قرعہ اندازی
دوسری جانب نیشنل سیونگز سینٹر راولپنڈی نے 1500 روپے مالیت والے پرائز بانڈ کی بھی قرعہ اندازی کر دی، قرعہ اندازی کی تقریب میں سرکاری حکام اور عوام نے شرکت کی جہاں نتائج کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔
نتائج کے مطابق پہلے اور دوسرے انعام کے خوش نصیب جیتنے والوں کا اعلان کیا گیا ہے تاہم مکمل ڈرا فہرست اب تک نیشنل سیونگز سینٹر کی جانب سے جاری نہیں کی گئی۔
جاری کردہ نتائج کے مطابق پہلا انعام 30 لاکھ روپے کا تھا جو پرائز بانڈ نمبر 091925 کے نام نکلا، دوسرا انعام 10 لاکھ روپے فی کس تھا جو 106210، 502971 اور 916702 نمبرز والوں نے جیتا۔
قواعد کے مطابق جیتنے والے افراد اپنا انعام کسی بھی نیشنل سیونگز سینٹر یا سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذریعے وصول کر سکتے ہیں تاہم انعام جیتنے والوں کو اپنی رقم وصول کرتے وقت مقررہ ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ پرائز بانڈ سکیم پاکستان میں ایک مقبول سلسلہ ہے جو نہ صرف عوام کو بڑی رقم جیتنے کا موقع فراہم کرتی ہے بلکہ بچت کی حوصلہ افزائی بھی کرتی ہے۔



