کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج زبردست تیزی کے بعد مندی چھاگئی جس کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس منفی زون میں بند ہوا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 1700 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 63 ہزار 602 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
تاہم ٹریڈنگ کے دوران سٹاک مارکیٹ میں اچانک مندی چھاگئی جو کاروباری روز کے اختتام تک برقرار رہی جس کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس 248 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 61 ہزار 687 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں مجموعی طور پر بھرپور خریداری کا رجحان برقرار رہا، خصوصاً آٹو اسمبلرز، کمرشل بینکز، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، او ایم سیز، پاور جنریشن اور ریفائنری سیکٹرز میں نمایاں دلچسپی دیکھنے میں آئی، اے آر ایل، ماری ، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، پی ایس او، ، ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی، ایم سی بی، ایم ای بی ایل اور یو بی ایل مثبت زون میں دکھائی دیئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1277 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 61 ہزار 935 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
سٹاک مارکیٹ میں آج 26 ارب 32 کروڑ 19 لاکھ 88 ہزار 161 روپے مالیت کے 52 کروڑ 14 لاکھ 5 ہزار 757 شیئرز کا لین دین ہوا۔



