اسلام آباد: (مدثر علی رانا) حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ آئندہ بجٹ کے لیے ٹیکس پالیسی، بجٹ سازی، پبلک فنانس مینجمنٹ میں تبدیلی پر اتفاق کر لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزارت خزانہ کے مطابق آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ تجاویز پر ٹیکنیکل رپورٹ جنوری میں وزارت خزانہ کو دی جائے گی، آئی ایم ایف کا تکنیکی وفد بجٹ میں اہم تبدیلیاں کرنے کی تجاویز دے کر واپس روانہ ہو گیا ہے۔
یہ بھی بتایا گیا کہ وزارت خزانہ آئندہ ماہ تک آئی ایم ایف کو بجٹ عملدرآمد میں تبدیلی کیلئے حتمی تجاویز تیار کر کے دے گی، آئی ایم ایف ٹیکنیکل وفد کے ساتھ بجٹ عملدرآمد کے پراسیس میں تبدیلی کیلئے 15 تجاویز زیرغور رہیں۔
آئی ایم ایف وفد کی تجاویز میں پبلک فنانس مینجمنٹ ڈیجیٹائزڈ پلان تشکیل دینا، پی ایف ایم ڈیجیٹائزڈ پلان کی نگرانی کیلئے کمیٹی تشکیل کرنا، بجٹ تیاری کیلئے مکمل ای-آفس، ای-پیڈز کا استعمال کرنا، ڈیٹا سے تضادات ختم کرنا شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ نئے ڈیٹا کی بنیاد پر بجٹ سازی، بجٹ تیاری میں تمام وزارتوں کے ساتھ مشاورت کا عمل بڑھانا بھی تکنیکی وفد کی تجاویز میں شامل ہے، نئے بجٹ کیلئے ٹیکس پالیسی پر بھی ٹیکنیکل مشن نے اہم تبدیلیوں کیلئے تجاویز دی ہیں۔



