فخر زمان نے دنیائے کرکٹ کے بڑے ریکارڈ توڑ دیے

Last Updated On 22 July,2018 06:19 pm

بلاوایو: (دنیا نیوز) فخر زمان ایک بار پھر "فخر پاکستان" بن گئے، ایک میچ میں 2 بڑے اعزاز اپنے نام کر لیے، ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین ہزار رنز اور 5 میچوں کی سیریز میں سب سے زیادہ انفرادی رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

زمبابوے کے خلاف آخری ون ڈے میچ میں 28 سالہ بلے باز فخر زمان ایک بار پھر "فخر پاکستان" بن گئے۔ 5ویں اوور کی چھٹی گیند پر قومی اوپنر کا چوکا دنیائے کرکٹ کے چھکے چھڑا گیا۔ اوپننگ بلے باز نے تیز ترین ہزار رنز بنانے کا معرکہ اٹھارہویں اننگز میں عبور کر کے لیجنڈ ویوین رچرڈز، کیون پیٹرسن، جوناتھن ٹراؤٹ سمیت اسٹار کونٹن ڈی کاک اور بابراعظم کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

ان تمام بلے بازوں نے 21 اننگز میں ہزار رنز کا ہدف عبور کیا تھا۔

اس کے علاوہ فخر زمان نے پانچ میچز کی سیریز میں 515 رنز بنانے کا ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔ قومی اوپنر نے 85 رنز کی اننگز کھیل کر زمبابوے کے ہمیلٹن مساکڈازا کا ریکارڈ توڑا۔