لاہور (دنیا نیوز ) پی ایس ایل میں سپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث سابق پاکستانی اوپنر ناصر جمشید پر 10 سال کی پابندی عائد کر دی گئی۔
ناصر جمشید پر گزشتہ برس پاکستان سپر لیگ کے دوران سپاٹ فکسنگ کے الزامات عائد کئے گئے تھے جس کے بعد انہیں ٹیم سے نکال دیا گیا تھا۔
سابق پاکستانی اوپنر پر اینٹی کرپشن کرکٹ قوانین کی 5 شقوں کی خلاف ورزی کے الزامات تھے جن میں بکیوں سے رابطہ ، کھیل کی تفتیش کے دوران پی سی بی انتظامیہ سے عدم تعاون، ساتھی کھلاڑیوں کو میچ فکسنگ کیلئے اکسانے اور فکسنگ کے حوالے سے تمام معلومات کو پی سی بی سی چھپانے کے الزامات شامل تھے۔
ناصر جمشید اس سے قبل ماضی میں اس وقت پہلی بار گرفتار ہوئے تھے جب انہیں لارنس روڈ پر میٹرک کے امتحانات میں نقل کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا۔ ناصر جمشید کے پاس سے انگلش کے پرچے میں معاون امتحانی مواد برآمد ہوا تھا جس کے بعد انہیں حراست میں لے کر سول لائنز تھانہ منتقل کر دیا گیا تھا۔