لاہور: (دنیا نیوز) پاک بھارت کرکٹ سیریز پر قانونی جنگ جاری ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کو دبئی طلب کرلیا، وہ بطور گواہ پیش ہوں گے۔
پاکستان سے طے شدہ کرکٹ سیریز نہ کھیلنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی بورڈ کے خلاف آئی سی سی میں 6 ارب روپے کا دعوی دائر کر رکھا ہے۔ پی سی بی کی چار رکنی لیگل ٹیم پہلے ہی دبئی میں موجود ہے۔ پی سی بی کے وکلا میں لندن سے الیگزینڈر پینڈاز بھی دبئی پہنچ چکے ہیں۔
قانونی ٹیم میں احمد حسین, ابراہیم حسین اور سلمان نصیر بھی شامل ہیں۔ چیف اپریٹنگ آفیسر سبحان احمد بھی سماعت میں موجود ہوگے جبکہ بورڈ نے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کو دبئی بلایا ہے جو گواہ کے طور پر پیش ہوں گے۔ اس قانونی جنگ کا آغاز بھی نجم سیٹھی نے کیا تھا۔ جس کے لیئے دس کروڈ روپے کا بجٹ رکھا گیا۔
آئی سی سی کے مائیکل بیلوف جان پالسن اور اینابیل بینٹ کیس کی سماعت کریں گے۔ کیس کی سماعت یکم سے 3 اکتوبر تک آئی سی سی ہیڈ کواٹر دبئی میں ہوگی۔