نئی دہلی: (دنیا نیوز) نوجوت سنگھ سدھو کے ایک اور بیان نے بھارتی انتہا پسندوں پر بجلی گرا دی، سابق کرکٹر اور بھارتی سیاستدان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دورہ کرنا جنوبی بھارت جانے سے زیادہ اچھا لگا، پاکستان کی زبان اور کھانا پینا ہمارے جیسا ہی ہے، جنوبی بھارت اجنبی سا لگتا ہے، مودی نواز بھارتی میڈیا نے اس بیان پر آسمان سر پر اٹھا لیا۔
ایک تقریب کے دوران نوجوت سنگھ کا کہنا تھا کہ انہیں جنوبی بھارت جانے سے پاکستان کا دورہ کرنا زیادہ اچھا لگا، انہوں نے جنوبی بھارت کو اپنے لیےاجنبی قرار دے دیا۔
بیان سامنے آتے ہی مودی نواز بھارتی میڈیا نے آسمان سر پر اٹھا لیا، حکمران جماعت بی جے پی نے سدھو کے بیان کو بھارت کے جداگانہ تشخص پر حملہ قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر بھارت سے پاکستان آئے تھے۔ ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی مہمان نوجوت سنگھ سدھو سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور گرم جوشی سے گلے بھی ملے۔ وزیراعظم پاکستان کی تقریب حلف برداری میں شرکت پر بھارتی میڈیا سے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف منفی پراپیگنڈا شروع کر دیا تھا، بھارت کے مختلف شہروں میں انتہاپسندوں کی جانب سے نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف مظاہرے کیے گئے اور سابق بھارتی کرکٹر کے پتلے بھی جلائے گئے۔