آسٹریلیا کیخلاف سیریز، دوسرے ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم ابوظہبی پہنچ گئی

Last Updated On 14 October,2018 07:51 pm

ابوظہبی (دنیا نیوز ) آسٹریلیا کے خلاف سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کھیلنے کے لیے قومی شاہین ابوظہبی پہنچ گئے، ٹریننگ سیشن شروع ہوگیا، سیریز اپنے نام کرنے کا عزم لیے خوب مشقیں کریں گے۔ اوپنر امام الحق کی انجری نے ٹیم کو بڑے امتحان میں ڈال دیا۔

دبئی کے بعد اب ابوظہبی کے میدان میں منگل کو پھر آسٹریلیا اور پاکستان مدمقابل ہوں گے، یو اے ای میں پاکستانی سفیر معظم احمد خان نے قومی ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا۔ اس پروقار تقریب سے لطف اندوز ہونے کے بعد کھلاڑی ٹریننگ کے لیے تیار ہوگئے اور خامیوں پر قابو پانے کے لیے مشقیں شروع کر دیں۔

انگلی میں انجری کے باعث نئی اوپننگ جوڑی پر جوڑ توڑ شروع ہوگیا ہے۔ وہاب ریاض کا مایوس کن کم بیک سوالیہ نشان بن گیا، حسن علی اور نوجوان میر حمزہ کی موجودگی سے ٹیم کو کچھ سہارا ملنے کا امکان ہے۔ بائولنگ میں بھی نئے کمبی نیشن کو آزمائے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ بغیر نتیجہ ختم ہوا۔