حیدرآباد دکن: (روزنامہ دنیا) اومیش یادیو کی تباہ کن بالنگ کے باعث مہمان ٹیم دوسری اننگز میں 127رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
اومیش یادیو کی تباہ کن بالنگ کی بدولت بھارت نے ویسٹ انڈیز کو آخری ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں وائٹ واش مکمل کر لیا۔ کالی آندھی دوسری اننگز میں 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ چھ کھلاڑی دہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔ سنیل ایمبرس38 اور شائی ہوپ 28رنز پر نمایاں رہے جبکہ اومیش یادیو نے چار، رویندر جڈیجا نے تین وکٹیں لیں۔
یاد رہے کہ سابق کپتان کپیل دیو اور جواگل سری ناتھ کے بعد اومیش یادیو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی میچ کے دوران 10وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے بھارتی فاسٹ بالر بن گئے ہیں۔ بھارتی ٹیم نے 72 رنز کا ہدف دوسری اننگز میں بغیر نقصان حاصل کیا۔ پرتھوی شا اور لوکیش راہول 33، 33 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
اومیش یاد یو میچ اور پرتھوی شا سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔