ابوظہبی فیصلہ کن ٹیسٹ:پاکستان کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے

Last Updated On 04 December,2018 06:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 274 رنز بنا سکی جس کے جواب میں سرفراز الیون کی بیٹنگ جاری ہے اور قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنالیے۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر امام الحق اور محمد حفیظ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو دوسرے اوور کی چوتھی بال پر محمد حفیظ کیچ آوٹ ہو گئے۔ انھوں نے کوئی رن نہیں  بنایا، انھیں ٹرینٹ بولٹ نے شکار کیا۔  امام الحق بھی 9 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔ 

تیسری وکٹ پر حارث سہیل اور اظہر علی نے ٹیم کو سہارا دیا اور مجموعی اسکور 85 تک پہنچا تو حارث ٹم ساؤتھی کا شکار بن گئے، وہ 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ چوتھی وکٹ پر اظہر علی اور اسد شفیق کریز پر موجود ہیں۔

 نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف آج تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز 7 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز سے کھیل کا آغاز کیا تھا، بی جے واٹلنگ نے 42 اور سمر ویل نے 12 رنز سے اننگز شروع کیں تو بلال آصف نے سمر ویل کو 24 رنز پر بولڈ کر دیا۔ جس کے بعد یکے بعد دیگرے کیویز کی وکٹیں گرتی رہیں اور 274 کے مجموعی سکور پر تمام کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کے بلال آصف آج میدان میں چھائے رہے اور تینوں وکٹیں ان کے حصے میں آئیں۔

شیخ زید سٹیڈیم میں گذشتہ کھیلے گئے فیصلہ کن میچ کے پہلے روز کیویز کے خلاف یاسر شاہ نے شاندار کارکردگی دکھائی اور 3 کیوی بلے بازوں کو پویلین کی راہ  دکھائی جس سے ان کی کم ٹیسٹ میچز میں حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد 198 ہو گئی تھی، تاہم 200 وکٹوں کا ریکارڈ بنانے میں وہ آج ناکام رہے۔

واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اب تک 1-1 سے برابر ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرایا تھا جب کہ قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دی تھی۔