شاہینوں نے پروٹیز کے دیس ڈیرے ڈال لیے، سخت جان ٹریننگ شروع

Last Updated On 17 December,2018 10:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی شاہینوں نے پروٹیز کے دیس ڈیرے ڈال لیے، سخت جان ٹریننگ شروع کر دی۔ پریکٹس میچ اور پھر ٹیسٹ سیریز کے بڑے امتحان کی تیاریاں تیز کر دیں، کپتان سرفراز احمد نے بھی میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف اونچی اڑان بھرنے کے لیے پرجوش ہیں۔

یو اے ای کے اپنے سیکنڈ ہوم گراؤنڈ کے بعد اب پروٹیز کا دیس، سیمنگ اور باؤنسی وکٹوں پر مشکل امتحان کے لیے سخت جان مشقیں، قومی کھلاڑیوں نے دورہ جنوبی افریقہ کو کامیاب بنانے کے لیے ٹریننگ شروع کر دی۔

سیشنز میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے علاوہ فزیکل فٹنس پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جنوبی افریقہ الیون کے خلاف قومی شاہین 19 دسمبر سے پریکٹس میچ کھیلیں گے، تین ٹیسٹ میچز کی سیریز 26 تاریخ سے شروع ہو گی۔

کپتان سرفراز احمد قومی ٹیم کی جیت کے لیے پر امید ہیں، طویل دورانیے کے کرکٹ امتحان میں پروٹیز کو واضح برتری حاصل ہے، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دس ٹیسٹ سیریز کھیلی گئیں، چھ میں پروٹیز فاتح، صرف ایک ہارے جبکہ تین سیریز بے نتیجہ رہیں۔