لاہور: (دنیا نیوز) سنچورین ٹیسٹ کے تیسرے روز پروٹیز کی بیٹنگ جاری ہے، پاکستانی بولر حسن علی نے دوسرے ہی اوور میں اوپننگ بلے باز ایڈن مرکرم کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کر دیا. دوسری وکٹ کی شراکت میں ڈین ایلگر اور ہاشم آملہ نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنا دی. جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 149 رنز درکار ہیں.
جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستانی بولرز نے اچھا آغاز کیا۔ ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم کے بلے باز میدان میں آئے تو حسن علی کی گیند پر اوپننگ بلے باز ایڈن مرکرم ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔ جس کے بعد ڈین ایلگر اور ہاشم آملہ نے نصف سنچری کی شراکت میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور 26 ویں اوور تک سکور 81 تک پہنچا دیا جس سے پروٹیز کی میچ پر گرفت مضبوط ہو گئی تاہم جیت کیلئے جنوبی افریقہ کو 149 رنز اور پاکستان کو 10 وکٹیں درکار ہیں۔
گزشتہ روز بھی سنچورین پچ فاسٹ بولروں کی جنت بنی رہی۔ دو دن میں 30 بلے باز میدان بدر، تمام کے تمام فاسٹ بولرز کا نشانہ بنے۔ پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں 190 رنز پر آؤٹ ہو گئی، اوپنر امام الحق نے 57 رنز بنائے۔ شان مسعود نے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
کپتان سرفراز دونوں اننگز میں فلاپ، صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اسد شفیق، اظہر علی اور بابر اعظم بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ اولیور کے پانچ شکار، فاسٹ بولرنے میچ میں گیارہ وکٹیں اڑائیں۔
جنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز میں 223 پر آؤٹ ہوئی۔ ٹیمبا بوواما 53، اور کوئنٹن ڈی کاک 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ شاہین آفریدی اور محمد عامر نے چار چار حریف بلے باز ٹھکانے لگائے۔ پروٹیز آج تیسرے روز 149 رنز کے ہدف سے اننگز کا آغاز کریں گے۔