دبئی: (دنیا نیوز) آئی سی سی نے ٹیسٹ کی تازہ رینکنگ جاری کر دی، جنوبی افریقہ سے سیریز ہارنے پر قومی کپتان سرفراز احمد سمیت بولر محمد عباس اور یاسر شاہ تنزلی کا شکار ہو گئے۔
دبئی سے جاری تازہ رینکنگ میں جنوبی افریقہ میں ناکامی کے باوجود اظہر علی دسویں نمبر پر برقرار ہیں، اسد شفیق ، حارث سہیل اور کپتان سرفراز احمد بھی تنزلی کا شکار ہو گئے، بابر اعظم ترقی کر کے ستائیسویں نمبر کے بیٹسمین بن گئے۔
بیٹنگ رینکنگ میں ویرات کوہلی سرفہرست ہیں جبکہ ٹاپ 6 کی پوزیشن مستحکم ہے۔ بولنگ میں محمد عباس کی تنزلی سے اب پانچویں پوزیشن پر ہیں جبکہ یو اے ای کے ہیرو لیگ اسپنر یاسر شاہ ٹاپ ٹین سے باہر ہو کر بارہویں نمبر کے بولر بن گئے ہیں۔
ٹیسٹ آل راؤنڈ کے ٹاپ ٹین میں کوئی پاکستانی شامل نہیں، شکیب الحسن پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ ٹیم رینکنگ پر بات کی جائے تو سیریز میں شکست کے باوجود پاکستان کی ساتویں پوزیشن برقرار ہے۔ بھارت پہلے، انگلینڈ دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ پاکستان کے خلاف سیریز جیت کر جنوبی افریقہ کی چوتھی پوزیشن ہے۔