کپتان سرفراز احمد ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ ہارنے پر افسردہ

Last Updated On 01 June,2019 09:15 am

لندن: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ ہارنے کے بعد کہنا ہے کہ ٹاس ہارنے کے بعد پہلی بیٹنگ کرنا اور کھلاڑیوں کا جلد آئوٹ ہو جانا قابل افسوس ہے، جلدی وکٹیں گرنے کے بعد میچ میں واپسی مشکل ہو جاتی ہے۔

کپتان کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی تاہم ہم جلدی وکٹیں گنوا بیٹھے، ٹیم نے بیٹنگ اچھی نہیں کی، شارٹ بال پر وکٹیں گنوانا قابل افسوس ہے، آج کا دن ہمارے لیے بہت برا تھا، ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہو گی، مجھے یقین ہے یہی ٹیم اگلے میچ میں جیت کے ٹریک پر آئے گی۔ ہمارے پاس باؤلنگ آپشن اچھی ہے، ہم پریکٹس سیشن میں خامیوں کے دیکھنے کے بعد سخت محنت کرینگے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ خوشی اس بات کی ہے کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر کی کھوئی ہوئی فارم بحال ہوئی ہے جو ٹیم کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔ ہمیں انگلینڈ میں ہمیشہ شائقین نے سراہا ہے، سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور خواہش ہے شائقین ہماری سپورٹ جاری رکھیں۔

اس موقع پر ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران ابتدائی لمحات میں وکٹیں ملنے سے ہمیں اچھا آغاز ملا، آندرے رسل کی باؤلنگ بہت شاندار تھی، میں نوجوان فاسٹ باؤلر اوشان تھامس کو بھی کریڈٹ دینا چاہوں گا جنہوں نے اس پچ پر زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔ فتح کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔

ہولڈر کا کہنا تھا کہ اوشان تھامس وکٹ لینے والا باؤلر ہے آج کے میچ میں باؤلر کو بھی اسی لیے کھلایا اور اس نے اپنی اہلیت کو ثابت کر کے دکھا دیا۔ اوپنر کرس گیل نے بھی بیٹنگ میں اچھا آغاز فراہم کیا۔ پاکستان کی طرف سے ہدف چھوٹا تھا تاہم اس کے باوجود ہارڈ ہٹر بیٹسمین نے جارحانہ بیٹنگ کی۔ ٹیم خوف سے بالاتر ہو کر کھیلی جس کی وجہ سے پہلے میچ میں ہی فتح کو گلے لگایا۔

مین آف دی میچ کا ایوارڈ سر ویوین رچرڈ سے وصول کرنے والے اوشان تھامس کا کہنا تھا کہ مجھے نئی گیند کرنے کو ملی، سینئر دوستوں نے میری رہنمائی کی، مجھے باؤلنگ کرتے ہوئے کافی خوشی محسوس ہوئی، میری کارکردگی کی وجہ سے ٹیم جیتی میرے لیے قابل فخریہ بات ہے۔