پاکستان کی یادگار ٹیسٹ فتح، ووٹنگ کا عمل کل شروع ہو گا

Last Updated On 25 July,2019 04:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کیلئے پی سی بی ووٹنگ میں پاکستان کے یادگار ٹیسٹ میچ کیلئے ووٹنگ کا عمل کل شروع ہو گا۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آفیشل فیس بک اور ٹوئٹر اکاونٹ پر ووٹنگ کل صبح 10 بجے شروع ہو جائے گی، شائقینِ کرکٹ 29 جولائی صبح 10 بجے تک ووٹنگ کرسکتے ہیں، شائقینِ کرکٹ شارٹ لسٹ کیے گئے 4 تاریخی میچوں میں سے 1 کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

میچوں میں 1954ء میں پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف اوول کے میدان میں فتح شامل ہے۔ 1987 میں پاکستان کی بھارت کے خلاف بنگلور میں فتح بھی شارٹ لسٹ کی گئی ہے، 1994ء میں آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی کراچی میں فتح کو بھی آپشنز میں شامل کیا گیا ہے۔

1999 میں چنئی کے میدان میں پاک بھارت ٹیسٹ میچ آپشن میں شامل ہے۔ 5 رکنی کرکٹ ماہرین پر مشتمل پینل نے 4 بہترین ٹیسٹ میچز کو شارٹ لسٹ کیا ہے، 5 رکنی پینل میں بینڈکٹ برماج، مظہر ارشد، ڈاکٹر نعمان نیاز، عثمان سمیع الدین اور قمر احمد شامل ہیں۔ ووٹنگ کے نتیجے کا اعلان پی سی بی پریس ریلیز کے ذریعے کرے گا۔