دوسرا ون ڈے: بنگلا دیشی ویمن ٹیم نے اعصاب شکن میچ میں پاکستان کو ہرا دیا

Last Updated On 04 November,2019 04:58 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ویمن ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں مہمان ٹیم نے اعصاب شکن میچ میں میزبان ٹیم کو ایک وکٹ سے ہرا دیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، گرین شرٹس کی طرف سے اننگز کا آغاز ناہیدہ خان اور جویریہ خان نے کیا، دونوں نے دوران بیٹنگ اچھے شارٹس کھیلے اور ٹیم کا سکور آگے بڑھایا۔

جارحانہ بیٹنگ کا اختتام 11 اوورز میں 58 کے مجموعی سکور پر ہوا جب جویریہ خان 33 گیندوں پر 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں، رومانہ احمد نے وکٹ حاصل کی، ناہیدہ خان 79 گیندوں پر 63 رنز بنا کر رومانہ کا شکار بن گئیں۔

 

کپتان بسمہ معروف نے 34 رنز کی اننگز کھیلی، عمائمہ سہیل صفر پر پویلین لوٹ گئیں، عالیہ ریاض نے 36 رنز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، دیگر کھلاڑیوں میں کوئی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔

ارم جاوید1، ثناء میر 13، سدرہ نواز 19، ڈیانا بیگ 2، ناشرہ سندھو 3 رنز بنا سکیں، میزبان ٹیم نے 48.4 اوورز میں 210 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم کی طرف سے رومانہ احمد نے تین وکٹیں حاصل کیں، سلمیٰ خاتون نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیشی ویمن ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز مرشدہ خاتون اور شرمین سلطانہ نے کیا، دونوں کے درمیان آغاز اچھا تھا تاہم ڈیانا بیگ نے شرمین سلطانہ کو 29 کے مجموعی سکور پر پویلین بھیجا دیا، انہوں نے 26 گیندوں پر 27 رنز کی باری کھیلی۔

اس سے اگلے کی آخری گیند پر ثناء میر نے نگار سلطانہ صفر پر ایل بی ڈبلیو کر دیا، 111 کے مجموعی سکور پر مرشدہ خاتون 44 رنز بنا کر بسمہ معروف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئیں۔

دیگر کھلاڑی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے، رومانہ احمد31، سنجیدہ اسلام 20، سلمی خاتون 1، فہیمہ خاتون 1، پانا گھوش 2، رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں، تاہم آخری لمحات تک فرزانہ نے 67 رنز کی زبردست باری کھیلی اور ٹیم کو فتح کے دروازے تک پہنچایا۔

مہمان ٹیم نے آخری اوور کی سکینڈ لاسٹ گیند پر ہدف مکمل کر لیا۔ پاکستان کی طرف سے سیّدہ عروبہ شاہ، بسمہ معروف نے 2.2 وکٹیں حاصل کیں، ناشرہ سندھو، ثناء میر اور ڈیانا بیگ نے ایک ایک شکار کیے۔

شاندار بیٹنگ کرنے پر فرزانہ حق کو ویمن آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس میچ کے دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی۔