نئی ٹیسٹ رینکنگ، بابر اعظم کیریئر بیسٹ چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے

Last Updated On 24 December,2019 07:32 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کے اختتام کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے۔ ہوم گراؤنڈز پر سنچریاں داغنے والے بابراعظم رینکنگ میں چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ویرات کوہلی کی حکمرانی برقرارہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں دو سنچریوں نے بابر اعظم کو تین درجہ بہتری کے بعد بلے بازوں کی فہرست میں نویں نمبر سے چھٹے نمبر پر پہنچا دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے آئی سی سی نےبتایا کہ بلے بازوں کی رینکنگ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ دوسرے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن تیسرے، بھارت کے چیتیشور پجارا چوتھے نمبر پر قابض ہیں۔

کینگروز ٹیم کی نئی رنز مشین مارنس لبوچانے 5ویں، بابر اعظم چھٹے، اجنکیا رہانے ساتویں، ڈیوڈ وارنر آٹھویں، جوئے روٹ نویں اور روز ٹیلر دسویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

باؤلرز کی رینکنگ میں کوئی پاکستانی باؤلر ٹاپ ٹین میں جگہ نہیں بناسکا، پیٹ کمنز کی پہلی پوزیشن پر برقرار ہے، کیگسو ربادا دوسرے، نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر تیسرے، ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر چوتھے اور مچل سٹارک پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں جیسن ہولڈر پہلے نمبر پر براجمان ہیں، رویندرا جڈیجا دوسرے، بین سٹوکس تیسرے، ورنن فلیندر چوتھے اور مچل سٹارک پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔