ٹیم مینجمنٹ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو انڈر 19 ٹیم میں شامل کرنے سے گریزاں

Last Updated On 24 December,2019 05:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر اور سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار باؤلنگ کرنے والے نسیم شاہ کو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ قوی امکان ہے کہ انہیں انڈر 19 ورلڈکپ سے ریلیز کر دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے 16 سالہ فاسٹ باؤلر نسیم کو کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے، اب وہ سینٹرل پنجاب اور ناردرن کے درمیان 27 دسمبر کو ہونے والا قائداعظم ٹرافی کا فائنل نہیں کھیلیں گے۔

ذرائع کے مطابق 27 دسمبر کو دونوں ٹیموں کے درمیان شہر قائد میں فائنل میچ ہونا ہے جبکہ فاسٹ باؤلر سنٹرل پنجاب کی ٹیم کا حصہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 5 وکٹیں حاصل کرنیکا اعزاز والد کے نام کرتا ہوں: نسیم شاہ، والدہ کے ذکر پر آبدیدہ

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 5 وکٹیں حاصل کرنیوالے کم عمر ترین فاسٹ باولر بنے ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نسیم شاہ کو مینجمنٹ پاکستان انڈر 19 ٹیم میں شامل کرنے کے حق میں نہیں، ٹیم مینجمنٹ نسیم شاہ کو بنگلا دیش کیخلاف سیریز سے قبل آرام دینا چاہتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی اگلی منزل انڈر 19 ورلڈکپ

یاد رہے کہ آئندہ سال انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے جس ٹیم کا اعلان کیا گیا اس ٹیم میں قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ بھی شامل ہیں جبکہ ٹیم کے کوچ اعجاز احمد بھی مطالبہ کر چکے ہیں کہ نوجوان فاسٹ باؤلر ہماری ٹیم کا ٹرمپ کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں اس لیے انہیں آرام دے کر آئندہ سال ہونے والے میگا ایونٹ میں شرکت کرنا دیا جائے۔

دوسری طرف ٹیم مینجمنٹ نے نسیم شاہ کو انڈر 19 ٹیم کے لیے ریلیز نہ کیے جانے کا امکان ہے جبکہ انہیں آئندہ سال قومی ٹیم میں ہی کھلایا جائے گا۔