کیپ ٹاؤن: (روزنامہ دنیا) بابائے کرکٹ انگلینڈ نے جنوبی افریقہ میں ایک تیر سے تین شکار کر لیے، کیپ ٹاؤن میں 63 سال بعد ٹیسٹ میچ جیت کر شکست کا بدلہ لے لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 248 رنز پر ڈھیر کر کے حساب چکتا کردیا اور 189رنز سے کامیابی کی بدولت 30 پوائنٹس حاصل کر کے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں تیسرے نمبر پر فائز ہو گئی۔
نیولینڈز پر کامیابی کیلئے 438 رنز کے مشکل ہدف کا تعاقب کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم نے دو وکٹوں پر 126 رنز کے ساتھ پانچویں روز اپنی دوسری نامکمل اننگز ایک بار پھر شروع کی اور پوری ٹیم248 رنز پر محدود ہو گئی، بین سٹوکس نے مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔