شعیب اختر کے بعد بریڈ ہوگ نے پاک بھارت سیریز کا مطالبہ کر دیا

Last Updated On 08 May,2020 06:06 pm

سڈنی: (ویب ڈیسک) پاکستانی راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کے بعد آسٹریلیا کے سابق سپنر بریڈ ہوگ نے بھی کورونا وائرس کے بعد پاک بھارت کرکٹ سیریز کا مطالبہ کردیا۔

سابق آسٹریلوی اسپنر بریڈ ہاگ کا کہنا ہے کہ کورونا کے بعد کرکٹ کو پاکستان اور بھارت کی سیریز درکار ہے، سیریز سے بے پناہ دلچسپی پیدا ہوگی۔ کوہلی اور بابر اعظم میں کون بہتر ہے یہ فیصلہ بھی اس سیریز سے ہوگا، پاک بھارت سیریز کے لیے مداح بھی ترسے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو 4 میچوں کی سیریز کھیلنی چاہئے، جس میں 2 ٹیسٹ پاکستان میں ہوں اور دو ٹیسٹ میچز بھارت میں کرائے جائیں۔

سابق آسٹریلوی سپنر نے کہا کہ مداح کچھ دلچسپ کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں لہٰذا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کو تھوڑی دیر کے لیے ختم کریں اور ایسی سیریز کرائی جائیں جو واقعی میں پوری دنیا میں دلچسپی پیدا کریں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا فنڈز کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز کروائے جائیں: شعیب اختر

بریڈ ہاگ نے کہا کہ موسم گرما میں بھارت اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز بھی ملتوی کی جائے اور اس کی بجائے ایشیز سیریز کرائی جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2012-13 کے بعد سے باہمی سیریز نہیں کھیلی گئی ہے، دونوں ٹیمیں آئی سی سی ایونٹ میں ہی مدمقابل ہوتی ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کورونا متاثرین کی امداد کے لیے پاک بھارت ون ڈے سیریز کی تجویز پیش کی تھی۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے مقابلے دنیا بھر میں شائقین کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں، دونوں ملک 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کھیل کر آمدنی برابر تقسیم کرکے ضرورت مندوں کی مدد کرسکتے ہیں،اس سیریزکا نتیجہ کچھ بھی ہو دونوں ٹیموں کی جیت ہوگی۔