لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ حیران ہوں فاسٹ باؤلر حسن علی کو لطف اندوز ہونے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فاسٹ بائولر حسن علی کی گزشتہ برس دورہ انگلینڈ کے دوران بنائی گئی ڈانس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ میں قواعد کے مطابق متنازعہ چیزوں پر بیان بازی نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ میں حیران ہوں حسن علی کو لطف اندوز ہونے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، حسن علی بے پناہ ٹیلنٹ کے حامل کرکٹر ہیں۔ وہ ایک اچھے کرکٹر ہیں، پاکستان کو ان کا خیال رکھنا چاہیے۔
واضح رہے کہ حسن علی کی گزشتہ برس دورہ انگلینڈ کے دوران بنائی گئی ڈھول کی تھاپ پر ڈانس کی ویڈیو بہت تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔
اس حوالے سے حسن علی کا کہنا تھا کہ گزشتہ دورہ انگلینڈ کے دوران وہ شاہین آفریدی اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ گھومنے کے لیے نکلے تھے تو ساتھیوں نے یہ ویڈیو بنائی تھی۔
فاسٹ بائولر حسن علی کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی 20 سیکنڈ کی ویڈیو میں انہیں سڑک کنارے بیٹھے ایک شخص کی ڈھول کی تھاپ پر ڈانس کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔