لاہور: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کیخلاف سیریز قبل وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا کہنا ہے کہ سکواڈ میں سرفراز احمد کی موجودگی کا کوئی دباؤ محسوس نہیں کر رہا۔ میں خود بھی سابق کپتان کا پرستار ہوں۔
ڈربی سے ویڈیو کانفرنس میں قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں ٹریننگ کے لیے اچھی سہولیات ہیں، سب سخت محنت کر رہے ہیں، باہر نہیں جاسکتے لیکن انڈور گیمز کے ذریعے خود کو مصروف رکھتے ہیں، کوئی اضافی دباؤ نہیں، سرفراز کے ساتھ پوزیشن کیلئے صحتمندانہ مقابلہ ہے، دونوں کی خواہش ہے کہ پاکستان کیلیے کھیلیں اور اچھا پرفارم کریں۔
انہوں نے کہا کہ میں خود بھی سرفراز کا پرستار ہوں، اللہ کبھی کسی کو دیکر تو کبھی چھین کر امتحان لیتا ہے، پہلی یا دوسری چوائس کا پریشر نہیں لیتا، سرفراز سے بھی سیکھ رہا ہوں۔
سرفراز احمد سے ہمدردی ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ سابق کپتان چیمپئنز ٹرافی کے فاتح ہیں، ان سے محبت کرتا ہوں، مواقع ملیں تو ان کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے، آج کی کرکٹ میں وکٹ کیپر بیٹسمین کے بجائے بیٹسمین وکٹ کیپرز ٹیم کی ضرورت بن چکے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وکٹ کیپر بیٹسمین کا مزید کہنا تھا کہ کوئی ایک بیٹنگ نمبر ہونا اچھی بات ہے لیکن ٹیم کیلیے کسی بھی پوزیشن پر کھیلنے کیلیے تیار ہونا چاہیے، لمبا سکور کرنے کی پلاننگ کی، محنت کررہا ہوں، پوری کوشش ہوگی، نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں، پرکورونا کی کوئی علامت نہیں تھی، ٹیسٹ مثبت آیا تو بتایا گیا تھا چند روز میں منفی آسکتا ہے،اس لیے گھبرانے کی کوئی بات نہیں۔