لاہور: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں منتخب کیے گئے قومی ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک کو ساؤتھمپٹن بھیجنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ تیاریاں کرنے لگا۔
تفصیلات کے مطابق شعیب ملک انگلینڈ کیخلاف ہونے والی تین ٹی ٹونٹی سیریز میں گرین شرٹس کی نمائندگی کریں گے، یہ تین ٹونٹی میچز انگلینڈ کے اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں بالترتیب 28 اگست، 30 اگست اور یکم ستمبر کو ہوں گے۔
قومی ٹیم کے کھلاڑی اس وقت انگلینڈ میں موجود ہیں، ٹیسٹ سیریز کے لیے منتخب کردہ کھلاڑی جوئے روٹ الیون کیخلاف سیریز کھیلنے میں مصروف ہیں جبکہ ٹی ٹونٹی کے لیے منتخب کردہ کھلاڑی الگ سے ٹریننگ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک نے دورہ انگلینڈ جانے سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ انہیں فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے چند ہفتوں کی چھٹیاں دی جائیں بورڈ نے اس درخواست کو قبول کر لیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں منتخب کیے گئے قومی ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک کو ساؤتھمپٹن بھیجنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ تیاریاں کرنے لگا۔ روانگی سے قبل ان کے دو کورونا ٹیسٹ ہوں گے، دو ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں 15 اگست کو انگلینڈ بھیج دیا جائے گا۔
بورڈ کے مطابق اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم 8 اگست کو مانچسٹر روانہ ہوں گے۔ وہ گزشتہ ہفتے اپنے والد کے انتقال پر لاہور آئے تھے۔