نیوزی لینڈ میں قومی اسکواڈ کا غیر ذمہ دارانہ رویہ، مصباح کو کڑی نگرانی کا ٹاسک مل گیا

Published On 26 November,2020 02:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ میں قومی اسکواڈ کے غیر ذمہ دارانہ رویہ پر پاکستان کرکٹ بورڈ ایکشن میں آ گیا، سی ای او وسیم خان نے محتاط رہنے سے متعلق پیغام جاری کر دیا جبکہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کو سب کی کڑی نگرانی کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

کیویز کے دیس آئیسولیشن پیریڈ اور کویڈ پروٹوکولز کا خیال قومی اسکواڈ کے لیے درد سر بن گیا، چھ ارکان کے ٹیسٹ مثبت آنے اور غیرذمہ دارانہ رویہ اپنانے پر پی سی بی نے سخت ایکشن لے لیا، ضابطہ اخلاق پر عمل نہ کرنے والے کھلاڑیوں کی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی۔

سی ای او وسیم خان نے قومی کھلاڑیوں سمیت اسکواڈ کے نام آڈیو پیغام دے دیا، سب کو اپنی صحت ہی نہیں ملکی وقار کا خیال رکھنے کی تنبیہ کر دی۔

صرف اتنا ہی نہیں بلکہ نیوزی لینڈ میں موجود ہیڈ کوچ مصباح الحق اور مینیجر کو کھلاڑیوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے، دو ٹوک کہا گیا ہے کہ اب کوئی بھی کھلاڑی غیر ذمہ دارانہ سرگرمی میں ملوث پایا گیا تو واپس بھیج دیں۔