دورہ نیوزی لینڈ: قومی اسکواڈ کوئنز ٹاؤن پہنچ گیا

Published On 08 December,2020 09:35 am

آکلینڈ: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ میں قومی کرکٹ اسکواڈ کی آئسولیشن مدت ختم ہو گئی جس کے بعد کوئنز ٹاؤن پہنچ گیا، ٹریننگ کا آغاز کل سے ہو گا، کیویز ٹیم کے خلاف پہلا ٹی 20، اٹھارہ دسمبر کو شیڈول ہے. ۔

کیویز کے دیس قومی شاہینوں کی کرکٹ سے پہلے کورونا کے خلاف کامیابی، کوویڈ نائنٹین کو شکست دینے پر مینیجڈ آئسولیشن ختم کر دی گئی، اسکواڈ میں شامل 52 اراکین کرائسٹ چرچ کے مقامی ہوٹل پہنچ گئے۔ مقامی ہوٹل میں دو گھنٹے قیام کے بعد رات 8 بجے قومی اسکواڈ بذریعہ پرواز کوئنز ٹاؤن روانہ ہوگا۔

کوئنز ٹاؤن پہنچنے پر قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز کے اسکواڈز علیحدہ علیحدہ ہوٹلز میں قیام کریں گے۔ ذرائع کے مطابق گروپس میں ٹریننگ اور پریکٹس کی بھی آزادی ہو گی، فزیکل ٹریننگ کا بھی آغاز ہو جائے گا

اسکواڈ میں شامل ایک رکن آکلینڈ سے آج کوئنز ٹاؤن پہنچ جائے گا، دوسرے رکن کی جمعرات کو آمد ہو گی۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز اٹھارہ دسمبر سے شروع ہو گی۔