اسلام آباد: (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے احساس پروگرام کو پاکستان میں غربت میں کمی لانے اور فلاحی ریاست کے قیام کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا ہے۔
وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو معاونِ خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ملاقات میں معاونِ خصوصی نے وزیرِاعظم کو کفالت ادائیگیوں، احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی حتمی رپورٹ، احساس ون ونڈو آپریشن پر پیش رفت اور احساس تحفظ پر بریفنگ دی۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پناہ گاہوں کے حوالے سے بیت المال کے قانون میں تبدیلی اور ڈونیشن مینیجمنٹ سسٹم میں شفافیت کو مزید بڑھانے کے حوالے سے اقدامات کے بارے میں بھی وزیرِ اعظم کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
وزیرِ اعظم نے احساس پروگرام کو پاکستان میں غربت میں کمی لانے اور فلاحی ریاست کے قیام کیلئے کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا اور اس حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔