قائداعظم ٹرافی، سنٹرل پنجاب نے ناردرن کو 6 وکٹوں سے پچھاڑ دیا

Published On 11 December,2020 12:21 pm

لاہور:(روزنامہ دنیا) یوبی ایل سپورٹس کمپلیکس میں قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون میں سنٹرل پنجاب نے میچ کے تیسرے ہی روز ناردرن کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ ناردرن کے کپتان نعمان علی نے میچ میں 11 وکٹیں حاصل کیں لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق تیسرے روز سنٹرل پنجاب کو میچ جیتنے کیلئے 166 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 4 وکٹوں پر حاصل کر لیا ۔ محمد سعد نے 50 رنز بنائے ۔ نعمان علی نے سنٹرل پنجاب کے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ اس سے قبل ناردرن نے 2 وکٹوں پر 77 رنز کے ساتھ تیسرے روز کھیل کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 156 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ حسن علی نے تین اور بلاول اقبال نے دو وکٹیں حاصل کیں ۔ناردرن نے پہلی اننگز میں 243 اور سنٹرل پنجاب نے پہلی اننگز میں 234 رنز بنائے تھے۔

نیشنل سٹیدیم میں کھیلے جا رہے میچ میں بلوچستان نے 405 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں تیسرے روز کھیل کے اختتام پر سدرن پنجاب کے خلاف 2 وکٹوں پر 112 رنز بنا لیے ہیں ۔ عمران فرحت 63 اور اکبر الرحمان 29 رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں ۔ علی وقاص 14 اور عظیم گھمن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ،دونوں وکٹیں عامر یامین نے حاصل کیں ۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے بلوچستان کے خلاف تیسرے روز 149 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور پوری ٹیم 312 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ عمران رفیق تین رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے ۔ عمید آصف نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔سٹیٹ بینک سٹیڈیم میں سندھ کی ٹیم خیبر پختونخوا کے خلاف دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے ۔ 185 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد سندھ نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں 120 رنز بنائے ہیں اور اس کی 5 وکٹیں گر چکی ہیں ۔ سعود شکیل 50 اور حسن محسن دو رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں ۔ شرجیل خان نے دوسری اننگز میں بھی نصف سنچری سکور کی وہ 51 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اس سے قبل خیبر پختونخوا کی ٹیم سندھ کے خلاف 185 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد 414 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ کامران غلام 166 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے ۔ ریحان آفریدی 87 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے ۔