پی ایس ایل 6: کورونا کے باعث ملتوی ہونیوالے سیزن کو مکمل کروائیں گے: وسیم خان

Published On 04 March,2021 04:46 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کو ملتوی کیے جانے کے بعد پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کورونا وباء کے باعث ایونٹ کو ملتوی کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے ہم گزشتہ سیزن کی طرح رواں سیزن بھی مکمل کرنا چاہتے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہا کہ پی ایس ایل کے رواں سال کے سیزن کے التوا کی خبر کچھ دیر قبل جاری کی گئی تھی اور اس کی تصدیق کرتا ہوں کہ پی ایس ایل سکس نئی تاریخوں کے سامنے آنے تک ملتوی کردی گئی ہے اور یہ دن ہمارے لیے بڑا سخت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ ساتھ، کرکٹ کے شائقین، سٹیک ہولڈرز، پاکستان کرکٹ کے عالمی سطح پر مداح، تمام کھلاڑی اور آفیشلز جو پی ایس ایل سے منسلک تھے سب کے لیے یہ مشکل دن ہے۔ پی ایس ایل کو منعقد کرنے کا فیصلہ دو ٹیسٹ سیریز، نیشنل ٹی ٹوئنٹی اور قائد اعظم ٹرافی کے انعقاد کو سامنے رکھ کر کیا گیا تھا جہاں کئی کھلاڑیوں اور ٹیموں نے مختلف مقامات پر ایس او پیز کے تحت کھیلا تھا۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے بہت بڑی تکلیف دہ ہے کہ ہمیں ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑا کہ ہمیں کھلاڑیوں کے تحفظ کے لیے وہ سب کچھ کرنے کی ضرورت پڑی جو ہمیں کرنا تھا اور ہم نے فرنچائز کے مالکان سے مشاورت کی اور اس نتیجے پر پہنچے کہ ایونٹ کو ملتوی کر دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ فرنچائز مالکان سے اجلاس میں دو تجاویز سامنے آئیں کہ چند دن انتظار کیا جائے تاکہ حالات کا اندازہ لگایا جا سکے اور دوسری بات یہ تھی حالات کے پیش نظر ایونٹ جاری رکھنا بہت مشکل ہوگا کیونکہ 27 فروری سے اب تک 7 کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں اور جب ایک کھلاڑی وائرس سے متاثر ہوتا ہے تو پھر مسئلہ کھڑا ہوتا ہے۔

چیف ایگزیکٹیو پی سی بی نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں پڑنے والے اثرات سے ہمیں اور خاص کر فرنچائز کو تشویش ہوئی اور اسی لیے ایونٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم حالات کو قابو کرنے اور مزید مشکلات سے بچنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں پی ایس ایل 6 کا باقاعدہ اختتام ہو جیسا ہم نے پی ایس ایل 5 کا کیا تھا اور بقیہ میچز ہوجائیں گے اور بعد میں نئی تاریخوں کے لیے موقع تلاش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ جیسے ہی موقع ملے گا تو دوبارہ ایونٹ منعقد ہوگا، ابتدائی طور پر ہونے والی معمولی خلاف ورزیوں پر معاملات نمٹانے پڑے اور ہم نے تمام ممکنہ اقدامات کیے، جہاں تک ایس او پیز اور بائی سیکور ببل پر عمل کرنے کے لیے اشتراک اور تعاون کی ضرورت ہوتی ہے اور کسی پر الزام عائد نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ سب کے تعاون سے ممکن ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم اس پر مؤثر عمل کرنے میں ناکام رہے، جس کی وجہ سے آج ان حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہ ٹھیک ہے کہ پی ایس ایل 2021 کو ملتوی کردیا گیا ہے لیکن بحیثیت قوم ہم پرعزم ہیں کہ ایونٹ کو مکمل کیاجائے۔
 

Advertisement