ٹی 20 رینکنگ، بابر اعظم کی ایک درجہ ترقی، تیسرے نمبر پر پہنچ گئے

Published On 17 March,2021 04:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 کی تازہ رینکنگ جاری کر دی، بابر اعظم ایک درجہ ترقی کر کے تیسرے نمبر کے بیٹسمین بن گئے۔

دبئی سے جاری ٹی 20 رینکنگ میں بابر اعظم کو ایک درجہ ترقی ملی، قومی کپتان اب تیسرے نمبر کے بیٹسمین بن گئے ہیں، بیٹنگ رینکنگ میں ڈیوڈ میلان پہلے اور آرون فِنچ دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

 بھارتی کپتان ویرات کوہلی ایک درجہ ترقی کر کے پانچویں نمبر پر آ گئے، بیٹنگ میں بابراعظم کے علاوہ ٹاپ ٹین میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہیں۔

آئی سی سی کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار مطابق باؤلنگ میں پہلی 8 پوزیشنیں سپنرز کے پاس ہیں، افغانستان کے راشد خان سرفہرست ہیں، دیگر میں تبریز شمسی دوسرے، مجیب الرحمان تیسرے، اشٹن اگر چوتھے، عادل راشد پانچویں، ایڈم زمپا چھٹے ، مچل سینٹر ساتویں اور ایش سودھی آٹھویں نمبر پر ہیں۔ ٹاپ 10 میں کوئی پاکستانی موجود نہیں۔

آل راؤنڈرز کی فہرست میں افغانستان کے محمد نبی کی حکمرانی برقرار ہے، بنگلا دیش کے شکیب الحسن دوسرے، میکسیویل تیسرے ، رچرڈ برینگٹن چوتھے نمبر پر ہیں۔ اس فہرست میں بھی کوئی پاکستانی موجود نہیں۔