لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ڈالر کی قدر میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی 98 پیسے سستی ہو گئی اور 156 روپے کی حد بھی گر گئی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 98 پیسے سستا ہو گیا، امریکی کرنسی سستی ہونے سے 156 روپے کی حد بھی گر گئی اور قیمت 156 روپے 72 پیسے گرنے کے بعد 155 روپے 74 پیسے ہو گئی ہے۔
Interbank closing #ExchangeRate for today: https://t.co/KQ8TfPtcXo pic.twitter.com/74M0qKLmAO
— SBP (@StateBank_Pak) March 17, 2021
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی گراوٹ کی بڑی وجوہات میں سے ایک وجہ وزیراعظم عمران خان کا ڈیجیٹل روشن پروگرام ہے جس میں اوور سیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد ملک میں پیسے بھیج رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ نو ماہ کے دوران مسلسل ریکارڈ ترسیلات زر کا ملک میں آنا بھی ملکی روپے کے لیے نیک شگون قرار دیا جا رہا ہے۔ آئی ایم ایف کی طرف سے قرض پروگرام کی بحالی کے بعد قوی امکان ہے کہ آئندہ چند دنوں میں قرض پروگرام کی نئی قسط موصول ہو جائے گی۔
ماہرین کے مطابق آئندہ دو ماہ کے دوران بھی مزید ترسیلات زر موصول ہو سکتی ہیں کیونکہ آئندہ دو ماہ کے دوران رمضان المبارک اور عید کے باعث اوور سیز پاکستانی ملک میں پیسے بھیج سکتے ہیں جس کے باعث قوی امکان ہے کہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت 150روپے سے نیچے گر جائے گی۔