لاہور : (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز ابو ظہبی میں ہوں گے جس کی تصدیق امارات کرکٹ بورڈ نے کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اب تک ٹورنامنٹ میں 14 میچز کھیلے جا چکے ہیں جس کے بعد اس وقت کراچی کنگز اور پشاور زلمی پانچ پانچ میچ کھیلنے کے بعد چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہے۔ جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے بھی چار چار میچ کھیلنے کے بعد چھ چھ پوائنٹس ہیں اور ان کی بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر آنے کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز ملتوی کر دیئے گئے تھے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ بقیہ میچز ہر حال میں ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مالکان کے ساتھ نئے وینیو ، میچز کے بجٹ سمیت دیگر معاملات طے ہونے پر پی سی بی حتمی شیڈول جاری کر دے گا۔
پلان کے مطابق تمام پلیئرز و آفیشلز کی پہلی کوویڈ ٹیسٹنگ مکمل ہو گئی، لاہور اور کراچی کے ہوٹلز میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
دوبارہ ٹیسٹنگ کلیرنس اور قرنطینہ مکمل کرنے پر کھلاڑیوں اور آفشلز کو ابوظہبی روانگی کی اجازت ہو گی۔
22 مئی سے چارٹرڈ طیاروں کے ذریعے تمام چھ ٹیموں کے اسکواڈ ابوظہبی پہنچیں گے، جہاں دوبارہ کورونا ٹیسٹ اور قرنطینہ کا مرحلہ مکمل ہو گا۔