ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ یو اے ای میں ہو سکتا ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ

Published On 19 May,2021 11:20 am

نئی دہلی: (روزنامہ دنیا)بورڈ آف کنٹرول کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے مردوں کا رواں سال بھارت میں شیڈول ساتواں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ متبادل مقام کے طور پر یو اے ای میں کرانے پر غورشروع کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے جنرل منیجر گیم ڈویلپمنٹ دھیرج ملہوترا کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے بھارت میں انعقاد کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں لیکن کورونا کی وباکی دوسری لہر نے پورے ملک کو اپنی لپٹ میں لیا ہوا ہے جس سے دن بدن بہت جانی نقصان ہورہا ہے۔

دھیرج ملہوترا نے کہا کہ اس حوالے سے آئی سی سی کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، آئی سی سی کیساتھ بات چیت میں ایونٹ کے بھارت میں انعقاد کیساتھ بدترین صورتحال سمیت تمام آپشنز پر غور کیا جارہا ہے ۔ ایک سوال پر ملہوترا نے کہا کہ اگر ورلڈ کپ کو بھارت سے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو مقابلوں کا یو ای اے میں انعقاد ہوگا۔