لاہور: (روزنامہ دنیا) کئی مایہ نازغیر ملکی کھلاڑیوں نے ابوظہبی میں بقیہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 میں حصہ لینے سے معذرت کرلی۔
ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، تمیم اقبال اور محمود اللہ ریاض ذاتی وجوہات کی بناء پر پی ایس ایل 6 سے باہر ہوگئے ہیں۔ کورونا کے وبائی مرض کی وجہ سے پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کی شرکت بھی غیر متوقع ہے۔ آسٹریلین ٹیم کے آل رائونڈر بین کٹنگ اور جو برنز، جنوبی افریقہ کے جارج لنڈے بھی لیگ کے باقی میچوں کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے۔
یہاں یہ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز ابوظہبی میں کروانے کی مکمل منظوری مل گئی۔ ابوظہبی میں پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کے انعقاد کے سلسلے میں حائل تمام رکاوٹیں ختم ہوگئی ہیں، پی سی بی اور تمام فرنچائز مالکان کے درمیان آن لائن اجلاس کے بعد ایونٹ کے انعقاد سے متعلق انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام فرنچائزز کو دو اضافی کھلاڑی ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت دے دی۔ ذرائع کے مطابق تمام ٹیمیں اب اٹھارہ کے بجائے بیس کھلاڑیوں پر مشتمل ہوں گی، اضافی دو کھلاڑیوں کا انتخاب آج ورچوئل اجلاس میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز کیلئے ٹیموں کی یو اے ای روانگی کا شیڈول سامنے آگیا ہے، تمام ٹیمیں 26 مئی کو کراچی اور لاہور سے متحدہ عرب امارات کیلئے روانہ ہونگی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ بقیہ بیس میچز یکم کے بجائے پانچ جون سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں ذرائع کے توسط سے میچز کے شیدول سے متعلق خبریں سامنے آرہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق 6 روز میں پی ایس ایل 6 کے بقیہ 12 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں 6 ڈبل ہیڈرز شامل ہیں۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 سے 15 جون کے دوران لیگ کے میچز ہوں گے، 16 جون کو پریکٹس یا آرام کا دن رکھنے کی تجویز ہے، جبکہ 17 جون کو کوالیفائر اور ایلیمینٹر ون، 18 جون کو دوسرے ایلیمینٹر کی تجویز ہے۔ ایونٹ میں 19 جون کو آرام اور فائنل 20 جون کو کھیلا جائے گا۔