لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل سکس کے دوبارہ میچز میں کل دو مقابلے شیڈول ہیں، دفاعی چیمپئن کراچی کا ملتان سلطانز سے جبکہ لاہور قلندرز کا پشاور زلمی سے جوڑ پڑے گا۔
شیخ زید اسٹیڈیم ابوظہبی میں کرکٹ کی رونقیں دوبالا، چھکے چوکے اور وکٹوں کی بہار آ گئی، کرکٹ دیوانے خوشی سے سرشار ہیں۔ دس جون کو دو میچ شیڈول ہیں، دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کا ملتان سلطانز سے جوڑ پڑے گا،پاکستانی وقت کے مطابق شام چھ بجے ٹیمیں میدان میں اتریں گی، سخت گرمی میں سخت مقابلے کا امکان ہے۔
کنگز کو چیمپئن ہونے کا مان ہے تو بابر اعظم اور شرجیل خان بھی ٹیم کی جان ہیں۔ محمد عامر اور کپتان عماد وسیم بولنگ میں ٹف ٹائم دینے کو تیار ہیں۔ دوسری جانب ملتان سلطانز کھلاڑی بھی فاتحانہ انٹری ڈالنے کے لیے پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔ محمد رضوان، سلطانز کے کپتان، رائیلی روسو اور صہیب مقصود اسکواڈ کی شان ہیں۔ انجری کا شکار شاہد آفریدی کی کمی کے باوجود کھلاڑیوں میں جیت کا جذبہ ہائی ہے۔
دن کا دوسرا میچ رات گیارہ بجے شروع ہو گا، لاہور قلندرز کا مسلسل دوسرے میچ میں امتحان ہے۔ زندہ دلان کے شہر کی ٹیم میں پروفیسر اور فخر زمان پرفارمنس دکھائیں گے جبکہ شاہین آفریدی اور راشد خان بولنگ میں کچھ کر دکھانے کو بے تاب ہیں۔
پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض سنبھالیں گے، کامران اکمل، شعیب ملک اور حیدر علی بیٹنگ کے ماہر ہیں تو بولنگ میں ثاقب محمود اور محمد عرفان اِن ایکشن ہوں گے۔