محمد یوسف نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز سخت قرار دے دی

Published On 10 July,2021 08:56 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ میچز کیلئے تیاری کراچی میں زور و شور سے جاری ہے۔ قومی ٹیسٹ کرکٹرز کا کراچی میں کیمپ کا جمعے کو تیسرا روز تھا۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں میچ سنیریو پریکٹس جاری ہے۔

اس موقع پر لیجنڈری بیٹسمین اور کوچ محمد یوسف کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز آسان نہیں ہو گی قومی ٹیسٹ کرکٹرز کیلئے یہ سیریز چیلنجنگ ہوگی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز میں اپنا تجربہ کھلاڑیوں کو منتقل کرنے کی کوشش کر رہا ہوں اور خامیوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ محمد یوسف کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز میں ڈیوک بال سے کھیلیں گے اسلئے میچ سنیریو پریکٹس سے سیریز میں مدد ملے گی۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ سے جیتنے سے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ اس موقع پر عتیق الزماں کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو گراؤنڈ میں کھڑے رہنے کی پریکٹس کرائی ہے کیونکہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی پچز ایک جیسی ہیں امید ہے کہ اس کا فائدہ ہو گا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عباس کا کہنا تھا کہ اپنی کارکردگی سے اس سیریز میں بھی فتحیاب ہونا چاہتا ہوں، شاہنواز دھانی اور نسیم شاہ کے آنے سے فاسٹ باؤلنگ کا شعبہ مزید مضبوط ہوا ہے امید ہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز میں مایوس نہیں کرینگے۔ عباس کا کہنا تھا کہ وہ سخت محنت کر رہے ہیں اور ویسٹ انڈیز میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرینگے ۔ تربیتی کیمپ سے کارکردگی میں نکھار آیا ہے۔
 

Advertisement