کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستانی چیف سلیکٹر محمد وسیم اور سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر زبانی جنگ میں الجھ گئے۔ محمد وسیم کا کہنا ہے کہ وہ ہر ایک کی رائے کا احترام کرتے ہیں اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ ٹھیک بھی ہو۔
یاد رہے کہ شعیب اختر نے چند دن قبل ٹی وی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ محمد وسیم چیف سلیکٹر نہیں بلکہ صرف ایک کٹھ پتلی ہیں اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی سکواڈ تبدیل کیا جائے گا۔
راولپنڈی ایکسپر یس کے سخت ریمارکس پر محمد وسیم نے کہا کہ شعیب اختر ان کے کافی اچھے دوست ہیں جن کے ساتھ وہ اکٹھے وقت گزارتے رہے ہیں۔ کئی مرتبہ ٹی وی شوز بھی ایک ساتھ کئے لیکن اب ہم ایک ہی انداز میں بات چیت نہیں کرتے ہیں۔ کھلاڑیوں اور تجزیہ کاروں کا اپنا پوائنٹ آف ویو ہوتا ہے جس کا احترام کرنا چاہئے تاہم اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ ہر مرتبہ درست ہوتے ہیں۔
محمد وسیم نے سابق اوپنر رمیز راجہ کو پی سی بی کا اگلا چیئرمین بنائے جانے پر دباؤ کا شکار ہونے سے بھی انکار کیا۔