کابل: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی طرف سے دورہ منسوخ کیے جانے کے بعد افغانستان کرکٹ بورڈ نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ون ڈے سیریز کے لیے افغانستان آنے کی دعوت دینگے۔
اے ایف پی کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین عزیز اللہ فاضلی نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتے پڑوسی ملک پاکستان ون ڈے سیریز کی دعوت دینے جائیں گے۔ وہ کرکٹ کے حوالے سےخطے کے دیگر ممالک کا دورہ بھی کریں گے۔‘
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں 25 ستمبر کو کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملنے کے لیے پاکستان جاؤں گا اور اس کے بعد بھارت، بنگلا دیش اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کروں گا۔
چیئر مین افغان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین رمیز راجہ سے مل کر افغانستان میں پاکستان ٹیم کی میزبانی کی پیش کش کروں گا جو ستمبر میں سری لنکا میں کھیلی جانا تھی۔ ہم افغانستان کی کرکٹ کو بہتر بنانا چاہتے ہیں اور یہ دیگر ممالک سے تعاون کے ذریعے ہی ممکن ہو گا۔