لاہور:(ویب ڈیسک)نیشنل ٹی20کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سنٹرل پنجاب نے سندھ کو 7وکٹوں سے مات دیکر فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنالی.
قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے قومی ٹی 20کپ دوسرے سیمی فائنل میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے سندھ نے 8وکٹوں کے نقصان پر 141رنز بنائے،خرم منظور سب سے زیادہ 34رنز بناسکے جبکہ شرجیل خان 32اور سہیل خان 21سکور بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے،قاسم اکرم نے 3،وہاب ریاض اور ظفر گوہر نے 2،2وکٹیں اپنے نام کیں۔
142رنز ہدف کا تعاقب سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے صرف 3وکٹوں کے نقصان پر 17اعشاریہ5اوورز میں 145رنز بناکر حاصل کرلیا،کامران اکمل نے 51اور احمد شہزاد نے 49رنز بنا کر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرایا۔
قبل ازیں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں خیبر پختونخوا نے ناردرن کو شکست دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
سنٹرل پنجاب اور خیبر پختونخوا کی ٹیموں کے مابین فیصلہ کن معرکہ بدھ کی شام ساڑھے 7 بجے کھیلا جائیگا۔