ٹی 20ورلڈ کپ:بھارتی وزیر کا پاک بھارت میچ منسوخ کرنے کا مطالبہ

Published On 18 October,2021 10:10 pm

نئی دہلی:(ویب ڈیسک)24اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کے مابین تگڑا مقابلہ ہونے جارہا ہے مگر بھارتیوں نے میچ کے آغاز سے قبل ہی اپنی انتہا پسندی کی عادت کا مظاہرہ کرنا شروع کردیا ہے،اسی سلسلے میں بھارتی وزیر نے پاکستان کے ساتھ ٹی 20ورلڈ کپ میں میچ منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یونین منسٹر گری راج سنگھ نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران پاک بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان طے میچ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرد تعلقات کی بنیاد بنا کر میچ منسوخ کیا جائے۔

اس حوالے سے بھارتی وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ حالات ایسے نہیں ہیں جن میں پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں کسی میچ میں آمنے سامنے ہوں، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اس وقت بالکل اچھے نہیں ہیں۔

رپورٹس کے مطابق میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گری راج سنگھ کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران ہونے والے پاک بھارت میچ کو کسی اور سوچ اور نظر سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔

گری راج سنگھ کی جانب سے اس مطالبے کی 2 اور بھارتی وزراء نے حمایت کی اور اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کروانے کا بھی مطالبہ کردیا ہے۔

بعدازاں بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی )کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ پاک بھارت ٹی20میچ شیڈول کے مطابق ہوگا، ٹی20آئی سی سی کا ایونٹ ہے،میچ منسوخ نہیں کرسکتے جبکہ عالمی معاہدے کے تحت آئی سی سی ٹورنامنٹ کھیلنے کے پابند ہے۔

یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ گزشتہ روز سے شروع ہوچکا ہے، اگلے مرحلے میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ایک ہائی وولٹیج میچ شیڈولڈ ہے جو24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
 

Advertisement