لاہور:(ویب ڈیسک) ٹی 20ورلڈ کپ کے 27ویں میچ میں افغانستان نے نمیبیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد62رنز سے شکست دیدی ہے۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے گروپ2 کے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
نمیبیا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 160رنز بنائے،محمد شہزاد نے سب سے زیادہ 45رنز بنائے جبکہ حضرت اللہ زازئی 33رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے جبکہ اصغر افغان 31سکور بناسکے،کپتان محمد نبی 32رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
161رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم نے انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر صرف 98رنز بناسکی،کوئی بھی بیٹر افغان باؤلرز کے آگے زیادہ مزاحمت نہ کرسکا۔
نوین الحق اور حامد حسن نے سب سے زیادہ 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ گلبدین نائب نے 2اور راشد خان نے ایک وکٹ حاصل کی،ڈیوڈ ویزے نے سب سے زیادہ 26رنز کی اننگز کھیلی ۔
واضح رہے کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف اپنا میچ ہار چکی ہے جبکہ نمیبیا کے خلاف گرین شرٹس نے میچ ابھی کھیلنا ہے۔