لاہور: (دنیا نیوز) آئندہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان اور انگلینڈ 7 ٹی ٹونٹی میچز کھیلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ کے حکام نے لاہور قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور چیئر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران انگلینڈ نے اگلے سال دو اضافی ٹونٹی میچز کھیلنے کی حامی بھر لی۔ آئندہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان اور انگلینڈ 7 ٹی ٹونٹی میچز کھیلیں گے۔
آئندہ سال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بعد انگلینڈ کی ٹیم تین ٹیسٹ میچز کھیلنے پاکستان آئیگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ دو اضافی ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا خوش آیند ہے اور شائقین کرکٹ کے لیے بہترین خبر ہے۔
ای سی بی کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن نے کہا کہ میں اور ای سی بی کے سینئر ڈائریکٹر مارٹن ڈارلو نے پی سی بی کے ساتھ چند معاملات پر برہ راست بات کرنے کے لیے لاہور کا دورہ کیا۔ اکتوبر میں ہماری جانب سے دورے کی منسوخی کے بعد گزشتہ چند ہفتوں میں کچھ معاملات پیش آئے تھے۔
ان کا کہنا تھاکہ ہم مستقبل پر بھی بات کرنا چاہتے تھے کیونکہ دونوں بورڈز کے تاریخی تعلقات ہیں اور ہم ایجنڈے کو ایک دوسرے کا ساتھ دیتےہوئے آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ ہمیں یہ اعلان کرتےہوئے خوشی ہے کہ ہم ستمبر/اکتوبر 2022 میں دو اضافی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گے اور اس کے بعد ہم آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیل کر ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے واپس آئیں گے تاکہ دورہ مکمل کیا جائے۔ یہ ہمارے عزم کا اعادہ ہے کہ پاکستان میں انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیمیں کرکٹ کھیلیں گی اور پاکستان میزبان ہوگا۔
اس سے قبل انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سے اہم ملاقات کے دوران ملتوی ہونے والی سیریز پر معذرت کرلی۔