ایشیا کپ: ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست، پاکستان سپر فور میں داخل

Published On 02 September,2022 06:23 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ ٹی 20 کے اہم میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155رنز سے شکست دیکر سپر فور مرحلے میں جگہ بنالی۔

شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں ایشیا کپ کے پہلے مرحلے کا آخری میچ پاکستان اور ہانگ کانگ کے مابین کھیلا گیا، مخالف ٹیم کے کپتان نزاکت علی نے ٹاس جیت کر بابر اعظم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

ہانگ کانگ اننگز

194 رنز ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور صرف 38 رنز پر پویلین لوٹ گئی، کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں نہ پہنچ سکا۔

کپتان نزاکت علی نے سب سے زیادہ 8 رنز بنائے، یاسم مرتضٰی 2، کنچٹ شاہ 6، اعزاز خان 1، سکاٹ مک کیچنی 4، ذیشان علی 3، ہارون ارشد 3، ایوش شکلا ایک، بابر حیات اور غضنفر صفر پر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کی جانب سے شاداب خان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اور محمد نواز نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نسیم شاہ نے 2، شاہنواز دھانی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس طرح ہانگ کانگ کی ٹیم 10 اعشاریہ 4 اوورز میں صرف 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
 پاکستان اننگز

قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابر اعظم نے کیا ، تاہم کپتان صرف 9 رنز بناکر احسان خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، فخر زمان نے 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 41 گیندوں پر 53 رنز بنائے اور احسان خان کی گیند پر اعزاز خان کو کیچ دے بیٹھے۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ایک مرتبہ پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 57 گیندوں پر 78 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر خوشدل شاہ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری 4 گیندوں پر 4 چھکے لگائے،  انہوں نے 5 چھکوں کی مدد سے 15 گیندوں پر 35 رنز کی ناقابل شکست باری کھیل کر پاکستان کا سکور مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر 193 رنز تک پہنچایا۔

شاہینوں کی جانب سے مخالف ٹیم کے خلاف آخری 5 اوورز میں 77 رنز بنائے گئے۔

مین آف دی میچ 

1 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 57 گیندوں پر 78 رنز ناٹ آؤٹ اننگز کھیلنے والے قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان پلیئنگ الیون

ہانگ کانگ کے خلاف پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، وکٹ کیپر محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، آصف علی، محمد نواز، نسیم شاہ، حارث رؤف اور شاہنواز دھانی شامل تھے۔

ہانگ کانگ پلیئنگ الیون

پاکستان کے خلاف اہم میچ کے لئے ہانگ کانگ کی پلیئنگ الیون میں کپتان نزاکت علی، یاسم مرتضیٰ، بابر حیات، کنچٹ شاہ، اعزاز خان، ذیشان علی، سکاٹ مک کیچنی، ہارون ارشد، احسان خان، ایوش شکلا اور محمد غصنفر شامل تھے۔ 

قومی ٹیم اب اتوار کو بھارت کے خلاف سپر فور مرحلے میں آمنے سامنے ہوگی، سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

 

Advertisement