چوتھا ٹی 20: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 3 رنز سے شکست دیدی

Published On 25 September,2022 06:52 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) چوتھے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 3 رنز سے شکست دے دی۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے  گئے چوتھے ٹی 20 میچ میں ٹاس جیت کر انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ 

انگلینڈ اننگز

167 رنز ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے فل سالٹ اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم فل سالٹ 8 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر محمد وسیم جونیئر کو باؤنڈری لائن پر کیچ دے بیٹھے، الیکس ہیلز بھی لمبی باری نہ کھیل سکے اور صرف 5 سکور بناکر محمد حسنین کی گیند پر عثمان قادر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر ول جیکس تھے جو کہ صفر پر محمد حسنین کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، بین ڈکٹ نے 33 رنز بنائے اور محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

کپتان معین علی نے 1 چھکے اور 3 چوکے مار کر 20 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیلی اور محمد نواز کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے، ہیری بروک نے 34 رنز بنائے اور وسیم جونیئر کی گیند پر محمد حسنین کو ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ڈیوڈ ویلے نے 2 چوکوں کی مدد سے 10 گیندوں پر 11 رنز بنائے مگر وہ حارث رؤف کے یارکر کو نہ کھیل پائے اور کلین بولڈ ہوگئے، لیام ڈاسن نے 1 چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، تاہم وہ حارث رؤف کی گیند پر محمد حارث کو کیچ دے بیٹھے۔

ایک موقع پر میچ پاکستان کے ہاتھوں سے نکل چکا تھا جب محمد حسنین کا ایک اوور قومی ٹیم کو بہت بھاری پڑا، اس اوور میں 24 رنز بنے، تاہم حارث رؤف نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرین شرٹس کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اولی سٹون تھے جو کہ صفر پر حارث رؤف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، مہمان ٹیم کے آخری پولین لوٹنے والے پلیئر ریسی ٹاپلی تھے جو کہ محمد وسیم جونیئر کی گیند پر رن لینے کی کوشش میں شان مسعود کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔

اس طرح برطانوی ٹیم 19 اعشاریہ 2 اوورز میں 163 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور محمد نواز نے 3،3، محمد وسیم جونیئر نے ایک اور محمد حسنین نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان اننگز

قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، وکٹ کیپر بیٹر نے 7 چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر اپنے کیریئر کی 19ویں نصف سنچری مکمل کی۔

کپتان بابر اعظم 3 چوکوں کی مدد سے 28 گیندوں پر 36 رنز بناکر لیام ڈاسن کی گیند پر بین ڈکٹ کو کیچ دے بیٹھے، دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر شان مسعود تھے جو کہ 1 چوکے کی مدد سے 19 گیندوں پر 21 سکور بناکر ڈیوڈ ویلے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

خوشدل شاہ ایک مرتبہ پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 2 رنز بناکر ٹاپلی کی گیند پر معین علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ رضوان بدقسمتی سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 1 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 67 گیندوں پر 88 رنز بناکر ٹاپلی کی ہی گیند پر الیکس ہیلز کو کیچ دے بیٹھے، آصف علی 13 اور محمد نواز 1 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے ریسی ٹاپلی نے 2، لیام ڈاسن اور ڈیوڈ ویلے نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

اس طرح قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔

مین آف دی میچ

پاکستان کے حارث رؤف اور انگلینڈ کے لیام ڈاسن کو مشترکہ طور پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

انگلینڈ پلیئنگ الیون

چوتھے ٹی 20 میچ میں مہمان ٹیم کی پلیئنگ الیون میں کپتان معین علی، الیکس ہیلز، فل سالٹ، ول جیکس، بین ڈکٹ، ڈیوڈ ویلے، لیام ڈٓاسن، عادل رشید، اولی سٹون اور ریسی ٹاپلی شامل تھے۔

پاکستان پلیئنگ الیون

قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، حیدر علی کی جگہ عثمان شنواری جبکہ شاہنواز دھانی کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پاکستان کی دیگر پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، عثمان قادر، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل تھے۔

پاکستان کا ٹی 20 کیریئر کا 200واں میچ

خیال رہے کہ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ٹیم پاکستان نے ٹی 20 کرکٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا، قومی شاہینوں نے اس فارمیٹ میں نمائندگیوں کی ڈبل سنچری مکمل کرلی، یہ حسن اتفاق ہے کہ پاکستان نے کیریئر کا پہلا ٹی 20 میچ 28 اگست 2006 کو انگلینڈ کے خلاف انہیں کی سرزمین پر کھیلا تھا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کے سب سے چھوٹے فارمیٹ میں پاکستان 2009 میں عالمی چیمپئن بنا تھا۔

خیال  رہے کہ اس میچ میں فتح کے بعد 7 ٹی 20 میچوں کی سیریز 2،2 سے برابر ہوگئی ہے جبکہ سیریز کے بقیہ 3 میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں 28 ستمبر سے کھیلے جائیں گے۔
 

Advertisement