پاکستان میں جا کر کرکٹ کھیلنا بہت دلچسپ ہوگا: کین ولیمسن

Published On 10 October,2022 11:39 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے دورہ پاکستان کے حوالے کہا ہے کہ پاکستان میں جا کر کرکٹ کھیلنا بہت دلچسپ ہو گا۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم دورۂ پاکستان کے دوران 2 ٹیسٹ، 8 ون ڈے اور 5 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے پاکستان آئے گی۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق مہمان ٹیم دورہ پاکستان کے لیے 2 مختلف مراحل میں پاکستان آئے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق دورے کے پہلے مرحلے میں 27 دسمبر سے 15 جنوری تک دونوں ٹیمیں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں آمنے سامنے ہوں گی۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 27 سے 31 دسمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ 4 جنوری سے 8 جنوری تک ملتان میں ہوگا۔ اس دورے میں شامل 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز 11، 13 اور 15 جنوری کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق کیویز کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جا کر کرکٹ کھیلنا بہت دلچسپ ہوگا، پاکستان کرکٹ کی وسیع تاریخ ہے، کچھ ناقابل یقین میچز کھیلے گئے، ہم یقیناً اس کا مشاہدہ کرنے کے لیے بے چین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کافی عرصے سے تمام فارمیٹس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے، ہم پاکستان کے دورے کو چیلنج کے طور پر دیکھتے ہیں، پاکستان کی متوازن ٹیم ہے، پاکستان کے پاس دنیا کے بہترین فاسٹ باؤلر ہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کین ولیمسن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی بیٹنگ کا دارومدار بابر اعظم پر ہے جو دنیا کے نمبر ایک بلے باز ہیں، پاکستان میں جا کر کھیلنا بہت اسپیشل ہوگا۔ پاکستان کے لوگ بڑے پُر جوش ہیں کہ ان کے شہروں میں کرکٹ کھیلی جائے، ہمیں اس کا حصہ بننے پر خوشی ہے۔