لانگ مارچ، عمران خان کی پاک انگلینڈ ٹیسٹ کے متاثر نہ ہونے کی یقین دہانی

Published On 22 November,2022 06:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے انگلینڈ کے دورہ پاکستان کے دوران راولپنڈی میں ہونے والے ٹیسٹ کےمتاثر نہ ہونے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز یکم دسمبر سے راولپنڈی میں ہو گا جبکہ بقیہ دو میچز ملتان اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ نے زمان پارک سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اس دوران ان کی عیادت بھی کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق پی سی بی چیئرمین، انگلینڈ کے ہائی کمشنر نے سابق وزیر اعظم کی عیادت اور خیریت دریافت کی۔

ملاقات کے دوران 1992ء کی فاتح ٹیم کے کپتان کو آگاہ کیا گیا انگلش ٹیم 17 سال بعد 27 نومبر کو اسلام آباد پہنچے گی، راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے شیڈول ہے۔

عمران خان نے رمیز راجہ اور کرسچن ٹرنر کو ٹیسٹ سیریز دھرنے یا لانگ مارچ کی وجہ سے متاثر نہ ہونے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ تیاریاں جاری رکھیں ہماری تحریک کی وجہ سے پنڈی ٹیسٹ کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔

برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے تحریک انصاف کے چیئرمین پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اُن کی جلد صحت یابی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ اس ملاقات میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری بھی موجود تھے۔


دوسری جانب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے سلسلے میں برطانوی سفارت خانے کے وفد نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا۔
 

Advertisement